شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا یونیورسٹی کی مختلف تدریسی شعبوں کا دورہ ،کلاسز میں جاکر تدریسی عمل کا جائزہ لیا

بدھ 9 جنوری 2019 19:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی مختلف اسباب کی وجہ سے بہت کم بچوں کو یونیورسٹی تک پہنچنے کا موقع ملتا ہے اور جو بچے یہ موقع حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہے، وہ انتہائی خوش قسمت ہیں انہیں اس موقع سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہئے اور پابندی کے ساتھ کلاسز اٹینڈ کرکے محنت کے ذریعے تعلیمی مقاصد کا حصول یقینی بنائیں ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان اینالیٹیکل کیمسٹری سمیت مختلف تدریسی شعبوں کے دورے کے دوران کیا۔

وائس چانسلر نے کلاسز میں جاکر تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء و طالبات کی بھرپور حاضری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلباء و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ جامعہ سندھ میں بہترین تعلیمی ماحول ہے اس جامعہ کے تمام شعبے اہم ہیں، جن کی بڑی اہمیت و حیثیت ہے انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی و ترقی کیلئے مستقل مزاجی کے ساتھ محنت ضروری ہے یہ مقابلے کا دور ہے، جس میں وہی شخص منزل مقصود تک پہنچ سکتا ہے، جس میں قابلیت ہو۔

وائس چانسلر نے کلاسز میں موجود طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی جانب مرکوز رکھیں تاکہ ان کے والدین کے خواب شرمندہ تعبیر ہو سکیں، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں یہ تعلیمی موقع فراہم کیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر خود کو منوانا ہے اور کامیاب مستقبل کی جانب قدم بڑھانے ہیں تو اس کے لیے پوری توجہ تعلیم کی طرف دینا ہوگی عرصہء حصول تعلیم وقت بہت قیمتی ہے، جس کو فائدہ مند بنانا چاہیے وائس چانسلر نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ پابندی کے ساتھ کلاسز اٹینڈ کرکے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں آئندہ سیمسٹر امتحانات میں 75 فیصد سے کم حاضری کے حامل طلباء امتحان میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی دورے کے دوران وائس چانسلر نے اساتذہ و ملازمین کے حاضری کے رجسٹر بھی چیک کیے اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی اور ڈائریکٹر نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان اینالیٹیکل کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین میمن سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔