خون پسینے کی کمائی سے کی گئی تعمیرات اور ادا کی گئی رقم غیر جانبدارانہ کمیشن بنا کر قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔ محمد آزاد

بدھ 16 جنوری 2019 21:52

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) حصول انصاف کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے والے گائوں کریڑ یو سی بحالی کے رہائشی شخص محمد آزاد ولد فیض رساں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے بغرض رہائش، کھیتی باڑی و مال مویشی کیلئے 60 ہزار فی کنال کے حساب سے تقریباً 8 کنال اراضی تقریباً 28 سال قبل محمد پرویز ولد میاں داد ساکنہ مانگل بانڈہ پیر خان سے بیع پر لی تھی۔

محمد پرویز میرے سگے بھائیوںکی طرح تھا اور میں نے ہمیشہ اس کے دکھ درد میں بھائی سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کچھ عرصہ قبل محمد پرویز نے ہمراہ بھائیوں خالق داد، محمد انور، اورنگزیب پسران میاں داد کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی سے مجھے لاعلم رکھ کے مذکورہ قطعہ اراضی جو مجھے بیع کی گئی تھی، دوسری پارٹی کو دیکر رقم وصول کر لی۔

(جاری ہے)

ان شخص کا کہنا ہے کہ جب میں نے خون پسینہ کی کمائی سے مذکورہ اراضی پر اپنے گھر اور مویشیوں کیلئے باڑہ بنایا تو اس سلسلہ میں پرویز کے بھائی خالقداد ولد میاں داد سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ مذکورہ پارٹی سے رقم پرویز نے لی ہے اور مجھے نہیں بتایا جس پر خالقداد نے مقامی عدالت میں بیان حلفی اور بیان درج کروایا جو آن دی ریکارڈ موجود ہے۔

متاثرہ محمد آزاد نے ارباب ِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ قبضہ مافیا کے سرغنہ محمد پرویز نہ ہی میرے رہائشی گھر اور مویشی باڑہ کی تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات دینے کو تیار ہے اور نہ مجھے رہنے دیا جا رہا ہے بلکہ مختلف حربوں، دھونس و دھمکیوں سے علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میری مطلوبہ خون پسینے کی کمائی سے کی گئی تعمیرات اور ادا کی گئی رقم کے سلسلہ میں غیر جانبدارانہ کمیشن بنا کر مجھے قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور قبضہ مافیا محمد پرویز سے نجات دلا کر مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :