محمد بن سلمان نے’’خلیج نیوم‘‘ میں تعمیراتی کام کی منظوری دیدی

جمعرات 17 جنوری 2019 10:50

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سعودی ولی عہد نے ’’ خلیج نیوم‘‘ میں تعمیراتی کام کی منظوری دے دی جس پر جلد کام شروع ہوگا۔ 2019ء کے اختتام تک اس کے اہم ادارے تیار ہوجائیں گے۔ نیوم کا موجودہ ہوائی اڈہ کمرشل ایئرپورٹ میں تبدیل ہوجائے گا۔ خلیج نیوم کا پہلا مرحلہ 2020 ء میں مکمل ہوجائے گا۔ ولیعہد ،کی زیر صدارت ریاض میں تاسیسی کونسل کا ا جلاس ہوا۔

کونسل نے خلیج نیوم ماسٹر پلان کے اسٹراٹیجک تصور کی منظوری دے دی۔ یہ نیوم میں آباد کیا جانے والا پہلا علاقہ ہوگا۔ نیوم کے ایگزیکٹیو چیئرمین نظمی النصر نے بتایا کہ 2019ء نیوم کے سفر میں اہم موڑ ثابت ہوگا۔ خلیج نیوم کے علاقے میں تعمیراتی کام کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہاں دنیا بھر کے اعلیٰ ذہن اہم اقتصادی شعبے قائم کرنے کیلئے آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خلیج نیوم کو جدید خطوط پر استوار کرنے والی حکمت عملی 4 نکاتی ہے۔ یہاں مثالی خاندانی زندگی مہیا ہوگی۔ یہاں معیاری طرز معاشرت فراہم کیا جائے گا۔ یہاں سیاحتی اور تفریحی نظام قائم ہوگا۔ علاوہ ازیں نیوم کے اقتصادی اہداف کی تکمیل کیلئے تخلیقی مراکز اور جدت طرازی کے سرپرست سینٹرز کھولے جائیں گے۔ خلیج نیوم منصوبہ پرکشش ساحلوں پر قائم ہوگا۔

یہاں معتدل آب و ہوا کا راج ہے۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ یہاں 500 ارب ڈالر سے زیادہ کے سرمائے سے مختلف منصوبے نافذ کرائے گا۔ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کار وں کو موقع دیا جائے گا۔ یہ ماحول دوست منصوبہ ہوگا۔ یہاں بجلی تجدد پذیر ذرائع سے پیدا ہوگی۔ سمندری پانی کو استعمال کے قابل بنانے والا منصوبہ بھی اسی نوعیت کا ہوگا۔ خطے کی منفرد ماحولیاتی خصوصیات کا تحفظ کیا جائے گا۔