ہاکی ہمارا قومی کھیل ،اس کی بحالی اولین ترجیح ہے ، ڈ ی جی سپورٹس پنجاب

جمعرات 17 جنوری 2019 23:21

ہاکی ہمارا قومی کھیل ،اس کی بحالی اولین ترجیح ہے ، ڈ ی جی سپورٹس پنجاب
لاہور۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل اوراس کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ میںہاکی کی بحالی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، انڈر16 کھلاڑیوں کو ہاکی کی تربیت دینا ضروری ہے تاکہ قومی دھارے میں نیا ٹیلنٹ شامل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرا ت کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر اور سائپرس ہاکی کلب جہلم کے عہدیداران کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہاکیاں، بال اور مکمل ہاکی کٹس فراہم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرز رئوف باجوہ، شاہد نظامی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریئس الرحمٰن ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر نوید صفدر، نائب صدر طارق محمود اور سائپرس ہاکی کلب کے کپتان شاہد اسلم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے مزیدکہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام گوجرہ میں انڈر 16کھلاڑیوں کا ہاکی کیمپ جاری ہے جس میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی ترقی اور بحالی کیلئے نیا ٹیلنٹ شامل کرنا ضروری ہے جس کیلئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ایک بار پھر عروج حاصل کرے۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر، نائب صدر طارق محمود ، سائپرس ہاکی کلب کی ٹیم کے کپتان شاہد اسلم نے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہاکی کی ترقی کیلئے جو اقدامات کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔

تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے انڈر 14اور 16کھلاڑیوں کیلئے ہاکیاں، بال اور مکمل ہاکی کٹس ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر اور سائپرس ہاکی کلب جہلم کے کپتان شاہد اسلم کے حوالے کیں۔

متعلقہ عنوان :