مشیر تعلیم نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ میں نئے بی ایس اکیڈمک بلاک کا باقاعدہ افتتاح کردیا

جمعرات 17 جنوری 2019 23:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو کے مشیر برائے تعلیم ضیا ء اللہ خان بنگش نے جمعرات کے روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ نئے بی ایس اکیڈمک بلاک کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل ظفر اللہ خان وزیر ،پی ٹی آئی کوہاٹ ریجن کے رہنما ء ملک عاطف ،ڈسٹرکٹ کونسلر کرامت اللہ شاہ ،فیکلٹی ممبرز اورطلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مشیر تعلیم نے مذکورہ کالج کوصوبے کے پہلے گورنمنٹ بی ایس یونیورسٹی کادرجہ دینے کے مطالبے پرکہا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے ساتھ بات کریں گے اوران کی پوری کوشش ہو ںگی کہ اس کالج کو بی ایس یونیورسٹی کا درجہ ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کے سٹڈی ٹور کے لئے گیس رائلٹی فنڈ جبکہ کالج کی خوبصورتی کے لئے صوبائی فنڈ سے 20,20 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کالج کے گراؤنڈز کی بہتری اورآئی ٹی بلاک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سپاسنامے میں پیش کردہ تمام مسائل کے حل کی بھی یقینی دہانی کرائی ۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ بلا شعبہ گورنمنٹ کالج کوہاٹ اس ریجن کا اہم تعلیمی ادار ہ ہے اوراس نے ہر شعبے میں باصلاحیت افراد پیدا کئے ہیں لہٰذا ان کی خواہش ہے کہ یہ کالج پورے صوبے کو لیڈ کرے۔انہوں نے طلبہ پر زوردیا کہ وہ کالج میں نظم وضبط پر کاربند رہیں اور اپنے اساتذہ کا عزت واحترام کریں اوریہی ان کی کامیابی ہے۔

مشیر تعلیم نے کہا کہ کوہاٹ کے تمام میل اورفی میل ہائی سکولوںکو ہائیرسیکنڈری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی گئی ہیںجس سے کوہاٹ کے کالجوںپر بوجھ کم ہوگا۔انہوںنے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد حوصلہ افزا ء ہے اورانشاء اللہ خیبرپختونخواکے تعلیمی نظام کو پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنائیںگے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے نے پرائمر ی سطح سے بچوں کی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ جب تک بچوں کی صحیح تربیت نہیںہوگی تب تک معیاری تعلیم کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہرشعبے میںمیرٹ کوعام کردیاہے اورانشاء اللہ موجودہ دور میں پچھلے دور سے ڈبل کام کرکے دکھائیںگے اورتبدیلی کا جوسفرشروع کیا ہے وہ مزید تیزی سے رواںدواں رہے گا۔قبل ازیں کالج کے پرنسپل نے مشیر موصوف کو کالج کے لائف ٹائم ممبر شپ کا اعزازی سرٹیفیکٹ بھی دیا۔