حکومت کوشش کرے گی کہ عالمی مالیاتی ادارے کی سخت شرائط پرقرضہ نہ لیا جائے،کرپشن کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 18 جنوری 2019 14:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس نہ جانا پڑے‘ اس سے اپنے ملک کے عوام کو بچائیں‘ ضمنی بجٹ میں سرمایہ دار لوگوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں‘ حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کے فروغ کے لئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

ضمنی بجٹ میں صرف سرمایہ داروں پر ٹیکس لگایا جائے گا۔ نچلے طبقہ پر ٹیکس نہں لگا رہے‘ ملک کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ معیشت کو بہتر کرنے کے لئے سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں لیکن حکومت کو متوسط طبقہ کا خیال رکھے گی۔

(جاری ہے)

نئے ٹیکس ایسے لوگوں پر نہیں لگائیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے یوٹیلٹی بل میں صرف سرمایہ دار لوگوں پر ٹیکس لگائے۔

منسٹرز کالونی میں وزراء کے ایک گھر کا گیس بل 45 ہزار سے 96 ہزار روپے آیا ہے۔ جو لوگ گیس زیادہ استعمال کریں گے وہ اسی تناسب سے بل ادا کریں گے۔ زبیدہ جلال نے کہا کہ حکومت کوشش کرے گی کہ عالمی مالیاتی ادارے کے پاس نہ جانا پڑے۔ ان کی سخت شرائط سے قرضہ نہ لیا جائے اس سے ملک و قوم کو بچائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آئندہ پانچ سالوں میں ملک سے اس ناسور کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کریں گے۔