جاپان کے اِپسیلون 4 راکٹ نے 7 مصنوعی سیارے مدار میں پہنچا دیے

ہفتہ 19 جنوری 2019 14:39

جاپان کے اِپسیلون 4 راکٹ نے 7 مصنوعی سیارے مدار میں پہنچا دیے
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) جاپان کے اِپسیلون 4 راکٹ نے جاپانی نجی کمپنیوں اور یونیورسٹیوں کے تیار کردہ 7 چھوٹے مصنوعی سیارے مدار میں پہنچا دیے ہیں۔جاپان کی خلائی تحقیقی ایجنسی جاکسا نے مصنوعی سیارے لے جانے والا یہ 26 میٹر طویل راکٹ، جنوب مغربی جاپان کے کاگوشیما پریفیکچر میں واقع اٴْوچی نو اٴْرا خلائی مرکز سے روانہ کیا۔

(جاری ہے)

راکٹ نے 7 میں سے سب سے بڑا مصنوعی سیارہ روانگی کے تقریباً 51 منٹ بعد 514 کلومیٹر بلند مدار میں پہنچایا، اس کے بعد دیگر 6 مصنوعی سیارے منصوبے کے مطابق یکے بعد دیگرے مدار میں پہنچائے۔سات میں سے ایک مصنوعی سیارے میں بازار میں دستیاب پرزوں سے تیار کردہ کیمروں اور مواصلاتی آلات کے خلا میں استعمال کی آزمائش کی جائے گی، جبکہ ایک اور میں مصنوعی طریقے سے شہاب ثاقب تخلیق کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اِپسیلون راکٹ پہلی بار ایک سے زائد مصنوعی سیارے لے کر گیا ہے۔