قائداعظم ایپرل پارک پنجاب کی صنعتی ترقی میں اہم کردا ر ادا کرے گا، خادم حسین

منگل 22 جنوری 2019 15:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن، سینئر نائب صدرایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور قائداعظم ایپرل پارک پنجاب کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، ایپرل پارک کے منصوبے پر عملددرآمد سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ ملے گا۔

اس شعبہ کی ترقی سے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگا ر کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ قائداعظم ایپرل پارک، سپیشل اکنامکس زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایپرل پارک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سنٹر کے قیام کا منصوبہ خوش آئند ہے جس سے انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق مزدوروں کو تربیت ملے گی اور 200ایکڑ پر لیبر کالونی کے قیام سے مزدوروں کو انڈسٹری کے قریب ہی رہائشی سہولیات بھی دستیاب ہونگی جس سے صنعتوں کا پہیہ مسلسل رواں دواں رہے گا اور صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔