رحیم یارخان، وکلاء کے ساتھ مل کرجلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج

منگل 22 جنوری 2019 21:10

رحیم یارخان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جمیل احمد نے اپنے اعزاز میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنچ اور بار کے تعاون سے ہی جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، جس کیلئے وکلاء کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر وکلاء کی تربیت کیلئے سینئر وکلاء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جونیئر وکلاء کا مستقبل بھی روشن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وکلاء کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں جس کے حل کیلئے ہر ممکن وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔اس موقع پر سینئر سول جج سردار خالد نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تشکیل دی جانے والی پالیسی پر ہر ممکن عملدرآمد کیا جائے گا تاہم اس پالیسی کی کامیابی کا انحصار وکلاء کے تعاون کرنے پر ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وکلاء جلد انصاف کی فراہمی پر تشکیل دی جانے والی پالیسی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبران پنجاب بار کونسل رئیس ممتاز مصطفی اور سردار عبدالباسط خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جمیل احمد اور سینئر سول جج سردار خالد نعیم کو رحیم یارخان میں تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار حسان مصطفی اور جنرل سیکرٹری عمران اشرف نے بھی خطاب کرتے ہوئے نئے تعینات ہونے والے ججز کو بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جمیل احمد نے ہائی کورٹ کی ہدایت پر وکلاء کو چیمبرز کیلئے فراہم کی جانے والی اراضی کے ملکیتی کاغذات صدر ڈسٹرکٹ بار حسان مصطفی کے حوالے بھی کیے ۔