کوئی بھی ملک چیلنجوں پر تنہا قابو پا نہیں سکتا،عالمی چیلنجوں کو حل کرنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے،ماریا فرنینڈا اسپنوزا

منگل 22 جنوری 2019 22:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا اسپنوزا نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک چیلنجوں پر تنہا قابو پا نہیں سکتا،عالمی چیلنجوں کو حل کرنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں موجودہ گلوبل آرڈر میں اقوام متحدہ کے کردار کے موضوع پر مذاکرہ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں سفارتکاروں،دانشوروں ،سیاستدانوں اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن و استحکام کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے،اقتصادی وسماجی ترقی کے بجائے مختلف تنازعات پر وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔ یو این رفیوجی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 68.5ملین افراد بے گھر ہیں،جس سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری بڑا چیلنج بڑھتی ہوئی عدم مساوات کا ہے جس نے کروڑوں لوگوں کی ترقی کا راستہ روک رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عدم مساوات بالخصوص نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے چیلنجوں پر قابو پانا ناگزیر ہے۔اس مقصد کے حصول کیلئے خواتین ،مردوںاور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہو گا۔ ماریا نے کہا کہ تمام چیلنجوں پر قابو پانا اقوام متحدہ کے تمام رکن ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ جغرافیائی سیاسی تنازعات اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات کے مسائل کوئی ایک ملک تنہا حل نہیں کرسکتا۔

عالمی خطرات مشترکہ ہیں اسلئے ان پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی صدارتی مدت کے دوران عالمی امن و سلامتی کی غرض سے گلوبل کوششوں کو مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔

متعلقہ عنوان :