جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے کیلئے مسودہ تیار کرلیا ہے ، شیریں مزاری

پی ٹی آئی حکومت انسانی حقوق کی فراہمی کے وعدوں پر قائم ہے، ٹوئٹر پر بیان

جمعرات 24 جنوری 2019 17:28

جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے کیلئے مسودہ تیار کرلیا ہے ، شیریں مزاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) انسانی حقوق کی وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی وزارت نے جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے کیلئے مسودہ تیار کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے جبری گمشدگی کے معاملے پر قانون میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے کے لیے مسودہ تیار ہے اور وزارت انسانی حقوق نے مسودہ وزارت قانون کو بھجوا دیا ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ مسودے میں پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم کی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ 2 ہفتے قبل جبری گمشدگی کو مجرمانہ فعل قرار دینے پر مشاورت کی اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت انسانی حقوق کی فراہمی کے وعدوں پر قائم ہے۔