الہدیٰ انٹرنیشنل سکول اسلام آباد کے زیر اہتمام 2روزہ پانچویں اسلامی سائنسی نمائش کاانعقاد

جمعرات 24 جنوری 2019 22:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) الہدیٰ انٹرنیشنل سکول اسلام آباد کے زیر اہتمام 2روزہ پانچویں اسلامی سائنسی نمائش جمعرات کو انسانی ذہن کے روحانی پہلوئوں کے پوشیدہ رازوں کو تلاش کرکے انسانی زندگی کی بہتری کیلئے بروئے کار لانے اور خود کو صراط مستقیم جو انسانیت کی بقاء کاحقیقی مقصد ہے، پر گامزن کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق نمائش کا موضوع ’’صحت،کھیل اور روح کا توازن‘‘ تھا۔ اس نمائش کا خصوصی پہلو یہ تھا کہ اسلام کس طرح اہم سوچ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے اور انسان کے ما فی الضمیر اور جسمانی اعمال کو ’’زندگی‘‘ میں علوم کے حصول اور بامقصد سمت کے تعین سے منسلک کرتا ہے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رونق بخشی جبکہ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور سینیٹر فیصل جاوید نے بھی نمائش میں شرکت کی۔

متعدد سکولوں اور اداروں کے طلباء اور اساتذہ نے نمائش میں شرکت کی اور نمائش کیلئے رکھے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش دیکھنے آئے طلباء اور مہمانوں نے ادارہ کی کوششوں کو سراہا جس نے طلباء کو مذہب کی تعلیمات سے روشناس کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دنیا کو دینی اور سائنسی زاویوں سے جانچنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ نمائش کو 4زونز میں تقسیم کیا گیا تھا، مونٹیسوری سے 10ویں گریڈ تک کے بچوں نے انسانی جسم کے حیرت انگیزی، دماغ اور پٹھوں، سماجی بہتری، سفیر ماحول کے مختلف موضوعات پر پراجیکٹ تیار کئے تھے جو نمائش کیلئے رکھے گئے، آپ کیا ہیں اور کیا کھاتے ہیں، طلباء نے اپنے تجربات اور پراجیکٹس کے ذریعے عکاسی کی۔