صدر ٹرمپ امریکا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار

ٹرمپ جلد ملک میں قومی ایمرجنسی نافذ کرنے والے ہیں . امریکی سینیٹر کا انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 فروری 2019 11:28

صدر ٹرمپ امریکا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2019ء) امریکی سینیٹ میں حکومتی راہنما مِچ میک کونیل نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد ملک میں قومی ایمرجنسی نافذ کرنے والے ہیں، جس کے بعد انہیں کانگرس کی منظوری لیے بغیر میکسکو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کا اختیار حاصل ہوجائے گا . ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر میک کونیل نے بتایا کہ انہوں نے صدر سے گفتگو کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ آئندہ حکومتی شٹ ڈاﺅن کے خاتمے کے لیے وہ ایک بل بھی منظور کریں گے جس کے حق میں ووٹ دینے کے لیے تیار ہوں .

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس سادہ سے بیان نے حکومت اور پارلیمنٹ کے درمیان تعلقات کی انتہائی اہم مثال کی بنیاد رکھ دی ہے .

(جاری ہے)

ایمرجنسی سے حکومت کو اختیار حاصل ہوجائے گا کہ کانگرس کی جانب سے دیگر مقاصد کے لیے مختص شدہ فنڈز میں ردو بدل کر کے سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے دیے گئے فنڈز میں کمی کو پورا کرلیا جائے . واضح رہے کہ کانگرس کی جانب سے حکومت کو دیوار کی تعمیر کے لیے ایک ارب 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے فنڈز استعمال کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس مقصد کے لیے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا .

میک کونیل کے اعلان سے قبل سینیٹ میں ایوانِ زیریں کی جانب سے مختص کیے گئے فنڈز کی 83 کے مقابلے 16 ووٹوں سے منظوری دی گئی تھی . اس ضمن میں وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری سارہ ہکا بی نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر ٹرمپ گورنمنٹ کی فنڈنگ کے بل پر دستخط کردیں گے . اس کے علاوہ وہ دیگر ایگزیکٹو کارروائی بھی کریں گے، جس میں ایمرجنسی کا نفاذ شامل ہے تا کہ سرحد پر قومی سلامتی اور انسانی بحران کو حل کیا جاسکے .

اس سلسلے میں نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے بل پر دستخط کرنے سے کانگریس اور حکومت کے درمیان 2 ماہ سے جاری چپقلش کا اختتام ہوگا لیکن ایمرجنسی کا نفاذ ایک نئے آئینی تصادم کی راہ ہموار کرے گا . دوسری جانب کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ ٹرمپ کے متوقع اقدام کے ردِ عمل کے طور پر ممکنہ آپشنز پر غور کررہے ہیں جس میں انہیں دیگر فنڈز کو استعمال کرنے سے روکنے کے لیے قانونی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے .