ہائیکورٹ نے شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی

جمعہ 15 فروری 2019 14:58

ہائیکورٹ نے شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی ۔ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی طرف سے دائر آئینی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور لاہور کے بڑے ہوٹل مالکان کو فریق بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ غیر مسلم کو خاص تہوار پر شراب فروخت کرنے کی اجازت ہے، حکومت کی جانب سے جاری لائسنس کی آڑ میں ہر روز شراب فروخ کی جا رہی ہے، مسلم اور غیر مسلم سب کو روزانہ کی بنیاد پر ہوٹلز شراب فروخت کر رہے ہیں۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت ہوٹلوں کو جاری لائسنس معطل کرے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی ۔