آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی،بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کا کار مملکت چلانے کیلئے نئی نسل کو موقع دینے کا عندیہ

ہفتہ 16 فروری 2019 19:18

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے کار مملکت چلانے کے لیے نئی نسل کو موقع دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی۔بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد جو حال ہی میں چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوئی ہیں نے جرمن میڈیا کو انٹرویو میں اگلی بار وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب نہ لڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نئی نسل کے لیے جگہ چھوڑنا چاہتی ہیں تاکہ نئے رہنما سامنے آسکیں۔

(جاری ہے)

بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مہاجرین کی محفوظ اور مستقل بنیادوں پر آباد کاری کیلئے ایک جزیرہ منتخب کیا ہے، جہاں سمندری طوفان سے بچائو کیلئے پناہ گاہیں موجود ہیں اور روزگار کے مواقع بھی موجود ہیں۔شدت پسند مذہبی جماعت ’حفاظت اسلام‘ سے ہمدردی رکھنے اور مدارس کے لیے فنڈز جاری کرنے سے متعلق سوال پر حسینہ واجد نے کہا کہ سب کو آزادی اظہار رائے حاصل ہے،ہم نے خواتین کی بہبود کیلئے بھی کئی کام کیے جن میں بارہویں جماعت تک تمام بچیوں کی تعلیم مفت کرنا بھی شامل ہے۔