انتہا پسند ہندو ئوں نے ثانیہ مرزا کو تلنگانہ اعزازی سفیر سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا

ہمیں پاکستانی بہو کو اپنا اعزازی سفیر بنائے رکھنے کی ضرورت نہیں ہے،بی جے پی رہنما

منگل 19 فروری 2019 21:37

انتہا پسند ہندو ئوں نے ثانیہ مرزا کو تلنگانہ اعزازی سفیر سے ہٹانے کا ..
تلنگانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2019ء) پلواما حملے کے بعد انتہا پسند ہندو بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئیہیں جس میں انہوں نے اپنی ہی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو بھی نہیں بخشا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے رہنما راجہ سنگھ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ثانیہ مرزا جنہوں نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی ہے انہیں فوری طور پر ریاست تلنگانا کے اعزازی سفیر کے منصب سے ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

بی جے پی رہنما نے ریاست تلنگانا کے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں چاہیے کہ وہ ثانیہ مرزا کو دیا گیا اعزازی سفیر کا درجہ فوری طورپر واپس لیں کیوں کہ ہمیں پاکستانی بہو کو اپنا اعزازی سفیر بنائے رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔بھارتی حکمران جماعت کے رہنما کا بیان ثانیہ مرزا کی پلواما حملے کی مذمت کے محض ایک دن بعد سامنے آیا جس میں ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ ہمیں چھت پر چڑھ کر یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں ظاہر سی بات ہے ہم دہشت گردی اور اسے فروغ دینے والوں کے خلاف ہیں۔