بھارت کی غیر ضروری اشیا پر200فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کرنے کی تیاریاں

ایسا ہواتو بھارتی برآمد کنندگان کو پاکستانی برآمد کنندگان کے مقابلے میں بہت زیادہ نقصان ہوگا

بدھ 20 فروری 2019 19:22

بھارت کی غیر ضروری اشیا پر200فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کرنے کی تیاریاں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) بھارت کی جانب سے پاکستان کی درآمدات پر200 فیصد ڈیوٹی کے نفاذ کے ردعمل میں پاکستان نے جوابی حملے کے طور پر بھارت کی غیر ضروری اشیا پر200فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اگرایسا ہواتو بھارتی برآمد کنندگان کو پاکستانی برآمد کنندگان کے مقابلے میں بہت زیادہ نقصان ہوگا کیونکہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی برآمدات کئی گنا زیادہ ہیں اور تجارت کاتوازن بھارت کے حق میں ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سیکرٹری تجارت کی سربراہی میں کامرس ڈویژن کے ہونے والے دوگھنٹے طویل اجلاس میں تجویز کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مقامی درآمد کنندگان کاکہناہے کہ پاکستان میں زیادہ ترخامل مال خصوصاً کیمیکل اور ڈائزدرآمد کیاجاتاہے لہٰذا ان پرریگولیٹری ڈیوٹیز نافذ نہیں کی جانی چاہیے اور حکومت کا غیر ضروری اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹیز کے نفاذ کافیصلہ درست ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت بھارت کی جانب سے پاکستان کا ’’ بہت پسندیدہ ملک‘‘ کادرجہ واپس لینے پرورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈبلیو ٹی او) سے رجو ع کرے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کامرس ڈویژن اس معاملے میں مختلف آپشنز قومی سلامتی کونسل کے آئندہ چند روز میں متوقع اجلاس میں پیش کرے گا جس کے بعدحتمی فیصلہ کیاجائے گا۔