مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش کا پرائیویٹ سکولوں کی اضافی فیس کا نوٹس

ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو فوری رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت

پیر 4 مارچ 2019 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2019ء) مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے پرائیویٹ سکولوں کی اضافی فیس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو فوری رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد کم فیس والے سکولوں کو سپورٹ کرنے جبکہ زیادہ فیس والے سکولوں کو سرکار کی طرف سے مقررکردہ فیس وصولی کرناہے۔

انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن فیس کی مد میں مقررہ فیس وصول کریں جبکہ رجسٹریشن فیس لیٹ ہونے کی صورت میں جرمانے کے طور پر فی صد کے حساب سے اضافی فیس لے گی اور پرائیویٹ سکولوں سے لی گئی ڈبل اور ٹرپل فیس کے طریقہ کار کو فوراً ختم کردیاجاتاہے جبکہ سکولوں سے سابقہ وقت میں رجسٹریشن فیس کی مد میں اضافی لی گئی فیس بھی آنے والے وقتوں میں ایڈجسٹ کی جائیگی۔

(جاری ہے)

وہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ممبرز پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی فضل اللہ داودزئی، سید انس تکریم اور امجدعلی شاہ نے شرکت کی۔ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ممبرز نے مشیر تعلیم کو اتھارٹی کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ سکول رجسٹریشن فیس کے طریقہ کار میں تبدیلی سے طلباء کے سکولوں کی فیس میں کمی واقع ہوجائیگی جس کے فوائد طلباء اور والدین کو ملیں گے۔ انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ زیادہ فیس لینے والے سکولوں کے خلاف فوراً کارروائی کی جائے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ فیس تجاوز کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

جس پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے اوراتھارٹی فوراً اضافی فیس لینے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو مزید فعال کرنے کیلئے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پرائیویٹ سکولوں کیلئے مقرر کردہ فیس سے تجاوز نہیں کرناچاہیے۔ حکومت پرائیویٹ سکولوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرے گی۔ تاہم اضافی فیس لینے سے والدین اور طلباء پراضافی بوجھ پڑرہاہے جس کو فوراً بند کردیاجائے اور طلباء سے سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ فیس لی جائے۔