وینزویلا میں آپریشن فریڈم شروع،حکومت اوراپوزیشن کی احتجاجی ریلیاں

ہم صدارتی محل جائیں گے اوران چیزوں کی واپسی کا مطالبہ کریں گے جو عوامی ملکیت ہیں، خوآن گوآئیڈو

پیر 18 مارچ 2019 16:19

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وینزویلا میں طاقت کی رسہ کشی میں کئی ہفتوں سے ایک طرح کے تعطل کا شکار تھی تاہم اب حزب اختلاف کے رہنما اور خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو معاملات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خوآن گوآئیڈو نے عوام سے صدر نکولاس مادورو کی سرکاری رہائش گاہ کی جانب نکالی جانے والی ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔

ان کے مطابق ہم میرافلوریس کی جانب جائیں گے اور ان چیزوں کی واپسی کا مطالبہ کریں گے، جو عوام کی ملکیت ہیں۔ کراکس میں صدارتی محل کو میرافلوریس کہتے ہیں۔شہری ویلنسیا میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ آج سے اس تنظیم کا ایک نیا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

گوآئیڈو نے ابھی حال ہی میں کہا تھا کہ وہ اپنی اس ریلی کے لیے عوام کو متحرک کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور ویلنسیا، جو ان کا آبائی شہر بھی ہے، سے انہوں نے اس کی ابتدا کی ہے۔

خوآن گوآئیڈو نے اسے آزادی آپریشن کا نام دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کمیٹیاں بنا کر خود کو منظم کریں۔ نکولاس مادورو کے حریف کی جانب سے اپنے منصوبے کے حوالے سے اہم نکات کی ایک فہرست بھی جاری کی گئی ہے، جس میں سلامتی کے اداروں کے اندر بھی اس حوالے سے تیاری کا ذکر کیا گیا ہے۔اب تک دنیا کے پچاس سے زائد ممالک خوآن گوآئیڈو کو وینزویلا کے سربراہ مملکت کے طور پر تسیلم کر چکے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود مادورو اپنے منصب سے ہٹنے کو تیار نہیں۔ وینزویلا گزشتہ کئی برسوں سے اقتصادی مسائل کا شکار ہے۔ اس ملک میں کساد بازاری میں اضافے کی وجہ سے اشیا خورد نوش کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :