مکی آرتھر قومی پلیئرز کو آرام دینے کے فیصلے کا دفاع کرنے لگے

زخمی ہونے سے بچانے کیلئے آرام کروایا گیا جس پر اعتراض غلط ہے:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مارچ 2019 17:00

مکی آرتھر قومی پلیئرز کو آرام دینے کے فیصلے کا دفاع کرنے لگے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مارچ 2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی پلیئرز کو آرام دینے کے فیصلے کا دفاع کرنے لگے ،ان کاکہنا ہے کہ آنےوالا وقت کافی مشکل ہے کیونکہ عالمی کپ سے قبل دس،گیارہ میچز کھیلنے ہیں،اہم کھلاڑیوں کو تھکن اور انجریز سے بچانے کیلئے ریسٹ کا موقع دیا گیا جس پر اعتراض غلط ہے ،آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں دیگر صلاحیت کو دیکھنے کا بھی بھرپور موقع مل جائے گا،تشویشناک بات یہ ہے کہ پاکستان میں معیاری بیٹسمین سامنے نہیں آرہے ہیں۔

گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے 6 کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ان سے اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد دیا گیا ہے جس پر اعتراض درست نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق کھلاڑیوں کی اکثریت کپتان سرفراز احمد سمیت چھ پلیئرز کو ریسٹ کرانے پر کڑی تنقید کر رہی ہے جس کے پیش نظر مکی آرتھر کو بھی چیف سلیکٹر کی طرح اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ پاکستانی ٹیم کیلئے آنیوالا وقت کافی مشکل ہے کیونکہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بعد بھی اسے عالمی کپ سے قبل دس سے گیارہ میچز کھیلنے ہیں کیونکہ انگلینڈ کیخلاف پانچ ون ڈے میچز کے علاوہ کاو¿نٹیز کیخلاف میچز بھی شیڈول ہیں جبکہ عالمی کپ وارم اپ میچز میں بنگلہ دیش اور افغانستان کیخلاف بھی میدان سنبھالنا ہے اور اس لگاتار کرکٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کیا گیا ہے تاکہ انہیں تھکن اور ممکنہ انجریز سے محفوظ رکھا جائے۔

گزشتہ ایشیا کپ کے بعد سے سات یا آٹھ پلیئرز تینوں فارمیٹس میں مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔