فیس بک صارفین کے پاسورڈز تک کمپنی کے ملازمین کو رسائی کا انکشاف

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:02

فیس بک صارفین کے پاسورڈز تک کمپنی کے ملازمین کو رسائی کا انکشاف
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) فیس بک کے ملازمین کو سوشل میڈیا سائٹ کے کروڑوں صارفین کے پاسورڈتک رسائی حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیس بک کے کروڑوں صارفین کے پاسورڈ تک کمپنی کے ملازمین کو رسائی حاصل ہو چکی ہے۔انٹرنیٹ سیکیورٹی محقق برائن کریبس نے پاسورڈ کے تحفظ پر فیس بک کی ناکامی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کے ملازمین کو صارفین کے پاسورڈ تک رسائی حاصل ہوئی جس سے 60 کروڑ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیس بک ذرائع نے انہیں اس سیکیورٹی ناکامی کے بارے میں بتایا جس سے ڈویلپرز کو ایسی اپلی کیشنز بنانے کا موقع ملا جو کہ پاسورڈ کو انکرپٹ کئے بغیر لاگ ان اور محفوظ کرتیں ہیں۔اس انکشاف کے بعد فیس بک نے بھی اس کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے نیٹ ورک میں محفوظ پاسورڈ کے اس مسئلے کو دور کردیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق اس بارے میں فیس بک کے انجینئر اسکاٹ رینفرو نے بتایا کہ اس بات میں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس خامی کا ’کوئی غلط استعمال‘ نہیں ہوا۔

کمپنی کی جانب جاری بیان کے مطابق یہ مسئلہ جنوری میں معمول کے سیکیورٹی چیک اپ کے دوران سامنے آیا تھا اور تحقیقات سے معلوم ہوا اس سے فیس بک لائٹ ایپ کے صارفین زیادہ متاثر ہوئے ہیں جو ان ممالک میں زیادہ استعمال ہوتی ہے جہاں انٹرنیٹ اسپیڈ ناقص ہوتی ہے۔کمپنی اب ان تمام کروڑوں صارفین کو اس بارے میں آگاہ کرنا چاہتی ہے جن میں لاکھوں انسٹاگرام صارفین بھی شامل ہیں۔ کمپنی کا کہناہے کہ وہ صارفین کو پاسورڈ ری سیٹ کرنے کا اس وقت ہی کہے گی جب اس کی ٹاسک فورس یہ دریافت کریگی کہ صارفین کے لاگ ان تفصیلات کا غلط استعمال ہوا ہے۔