خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے ”فنشر“کا کردار نبھانے کے خواہاں

حیران ہوں کہ ناقدین اب بھی سست بیٹنگ کا الزام عائد کرتے ہیں:مڈل آرڈر بیٹسمین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 14 اپریل 2019 13:40

خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے ”فنشر“کا کردار نبھانے کے خواہاں
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اپریل2019ء) پاکستان کپ کی فاتح ٹیم خیبر پختونخوا کے کامیاب بیٹسمین خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے موثر ہٹراور ”فنشر“کا اہم کردار نبھانے کے خواہاں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان پر سستی کے ساتھ کھیلنے کا الزام درست نہیں ہے۔پاکستان کپ فائنل کے بعد خوشدل شاہ کا ایک گفتگو میں کہنا تھا کہ یقینی طور پر وہ اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کیلئے ایک عمدہ ہٹر اور فنشر کا کردار نبھا سکتے ہیں۔

خوشدل شاہ نے پاکستان کپ کے پانچ میچوں میں اسٹروکس سے لبریز 316 رنز 105.33 کی عمدہ اوسط سے بنائے جس میں ان کی دو سنچریاں بھی شامل تھیں۔ خوشدل شاہ کی جانب سے یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ورلڈ کپ کیلئے جانے والی پاکستانی ٹیم میں کوالٹی فنشر کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

خوشدل شاہ نے بعض تجزیہ نگاروں اور کمنٹیٹرز کی جانب سے سستی کے ساتھ کھیلنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کپ میں 96 بالز پر 154ناٹ آﺅٹ کی اننگز کھیل کر ثابت کیا کہ ان میں کسی بھی صورتحال میں عمدگی سے کھیلنے کی اہلیت ہے اور اپنا یہی مثبت کردار پاکستان کیلئے انجام دے سکتے ہیں۔

خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ یہ محض قسمت کی بات ہے کہ وہ فاٹا کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں ورنہ کراچی یا لاہور کی کسی ٹیم کیلئے اسی نمبر پر کھیل رہے ہوتے تو ابھی تک قومی ٹیم میں ان کی جگہ بن چکی ہوتی۔