کشمیر روڈ پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سوئمنگ پول کو موجودہ موسم کے لئے کھول دیا گیا

کوشش ہے شہر کے تمام اضلاع میں ایسی سہولیات مہیا کی جائیں وسائل کم ہونے کے باعث فوری طور پر یہ ممکن نہیں، وسیم اختر

پیر 15 اپریل 2019 20:10

کشمیر روڈ پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سوئمنگ پول کو موجودہ موسم کے لئے کھول ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کشمیر روڈ پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سوئمنگ پول کو موجودہ موسم کے لئے کھول دیا گیا ہے شہری اس سے استفادہ کریں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ شہر تمام اضلاع میں ایسی سہولیات مہیا کی جائیں وسائل کم ہونے کے باعث فوری طور پر یہ ممکن نہیں تاہم لانڈھی کورنگی اسپورٹس کمپلیکس کو بہت جلد عوام کے لئے کھولا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کشمیر روڈ اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول عوام کے لئے کھولنے کے موقع پر کیا، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے یہ سہولت خواتین، مردوں اور بچوں کے لئے یکساں مہیا کی ہے ،پبلک سیکٹر میں یہ واحد سوئمنگ پول ہے جہاں اتنی زیادہ سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کے ایم سی کی پرانی سہولیات ہیں جن کو بحال کررہے ہیں اب کے ایم سی کے پاس اتنے وسائل بھی نہیں کہ ان کی دیکھ بھال اور مرمت ہوسکے، نئی سہولتوں کی فراہمی کیوں کر ممکن ہوسکتی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ گرمیوں کا موسم ہے لہٰذا اس موسم میں شہریوں کو ان سہولیات سے فائدہ اٹھانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی ایسی سہولیات شہریوں کو دستیاب ہوں مگر وسائل کی کمی کے باعث فی الحال لانڈھی کورنگی اسپورٹس کمپلیکس کو عوام کے کھولا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ میزانیہ میں اس سوئمنگ پول کے لئے رقم مختص کی جائے گی تاکہ یہ درست حالت میں رہے، بعدازیں میئر کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں زیر تعمیر ہاکی گرائونڈ کا بھی معائنہ کیا جہاں بتایا گیا کہ اس گرائونڈ کا 90فیصد کام مکمل ہوچکا اور بہت جلد اس گرائونڈ میں آسٹروٹرف بھی بچھایا جائے گا جبکہ انہوں نے جاگنگ ٹریک پر لائٹوں کی تنصیب اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی، انہوں نے چائنا گرائونڈ کو شہریوں کے استعمال میں لانے کے بارے میں منصوبہ بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کشمیر روڈ پر اسپورٹس کی تمام سہولتوں کی بحالی اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے، یہ واحد علاقہ ہے جو شہر کے مرکز میں ہے اور یہاں تمام سہولتیں مہیا ہونا چاہئیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس کے لئے میزانیے میں خصوصی رقم مختص کرے گی۔

متعلقہ عنوان :