ایف بی آر نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کیخلاف ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا

پیر 15 اپریل 2019 22:16

ایف بی آر نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کیخلاف ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کیخلاف ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا جبکہ کسٹم عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں تفتیش مکمل کرکے مقدمے کا چالان جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ایف بی آر کراچی کی جانب سے ٹیکس وصولی کے لیے بڑی کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

کسٹم عدالت میں شاہین ایئر کے خلاف ٹیکس چوری کے معاملے کی سماعت ہوئی تو ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے شاہین ایئر انٹرنیشنل لمیٹڈ کے خلاف ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق کسٹم عدالت کو آگاہ کردیا۔

ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے ایف آئی آر کی نقول عدالت میں جمع کراتے ہوئے بتایا کہ شاہین ائیر انٹرنیشنل کیخلاف 95 کروڑ سے زائد ٹیکس چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کمپنی کے ڈائریکٹرز و مالکان کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔مقدمے کے مطابق شاہین ایئر نے مسافروں سے وصول کیا جانے والا ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا، کمپنی کی جائیداد کا کھوج لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں تفتیش مکمل کرکے مقدمے کا چالان جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

متعلقہ عنوان :