لاہور ایکسپو سینٹر میں کتب میلے کا افتتاح ،وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعرات اپریل 18:13

لاہور ایکسپو سینٹر میں کتب میلے کا افتتاح ،وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) دی بگ بیڈ وولف بک سیل نے پاکستان میں لاہور ایکسپو سینٹر میں باقاعدہ طور پر کتب میلے کا افتتاح کردیا ہے۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن و ٹورازم راجہ یاسر ہمایوں نے شرکت کی جن کے ہمراہ بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ اور بگ بیڈ وولف بک سیل کے منتظم اویس اختر بٹ موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے۔ بد قسمتی سے کتاب کے بجائے زیادہ وقت ہم موبائل فونز اور سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ کے ذریعے دنیا کو بہتر انداز سے سمجھا جاتا ہے۔ یہ آپ کی شخصیت میں بہتری لانے میں معاون ہے۔ مطالعہ سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ وہ نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کردیں۔

(جاری ہے)

بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ نے کہا، بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش میں ہمارا عزم ہے کہ انتہائی کم قیمت کے ذریعے لوگوں کی کتابوں سے رسائی بڑھائی جائے تاکہ زیادہ لوگ مطالعہ کریں ، ہم یہاں لاہور میں لوگوں کی کتابوں میں دلچسپی لینے پر خوش ہیں۔ پروگرام کے منتظم اور بگ بک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اویس اختر بٹ نے کہا، "ہم لاہور میں دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی نمائش کے انعقاد پر انتہائی خوش ہیں۔ لاہور شہر نے دنیا کو عظیم لکھاریوں، مقررین اور دانشوروں سے متعارف کرایا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہر شخص مطالعہ میں دلچسپی لیتا ہے اور یہ اسکے انتخاب پر منحصر ہوتا ہے۔ بگ بیڈ وولف بک سیل لوگوں کو اپنی پسند کی مہنگی کتاب کے سستے داموں حصول کے لئے بااختیار بناتا ہے۔