وزیراعظم پیکج کے تحت مقامی ٹیکسٹائل کے شعبہ کو مجموعی طورپر44 ارب روپے کی ادائیگیاں

اتوار 21 اپریل 2019 16:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) برآمدات میں اضافہ کیلئے وزیراعظم کے پیکج کے تحت مقامی ٹیکسٹائل کے شعبہ کو مجموعی طورپر44 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔برآمدات میں اضافہ کیلئے وزیراعظم کے پیکج کے مقصد درآمدات اوربرآمدات کے مابین خلیج کو کم کرنا ہے تاکہ مقامی برآمدی صنعتوں کے مسائل حل کرکے اورسہولیات کی فراہمی کے ذریعے اس برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔

وزارت ٹیکسٹائل کے ایک سینئیراہلکار نے اے پی پی کو بتایاکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو اختراع اور جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کرانا ضروری ہے تاکہ اس شعبے میں برآمدات کو فروغ دیاجاسکے، انہوں نے کہاکہ اس پیکج کے تحت سٹیٹ بنک آف پاکستان کو اب تک ٹیکسٹائل ری فنڈ کی مد میں دو لاکھ 76 ہزار کلیمز موصول ہوئیں ہیں جن کو باضابطہ طورپر پراسیس کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ پیکج مالی سال 2016-17 ء میں متعارف کرایا گیاتھا اورپہلے 5 ماہ میں اس پیکج کے تحت 5 ارب روپے کی ادائیگیاں ہوئیں۔ مالی سال 2017-18ء کے دوران حکومت نے ٹیکسٹائل ری فنڈ کی مد میں 26 ارب روپے کے کلیمز دئیے۔ اہلکار نے بتایا کہ گزشتہ 7 ماہ میں ری فنڈ کی مد میں 11 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے جبکہ آنیوالے چند ماہ میں مزید 26 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیگی۔

وزارت ٹیکسٹائل کے سینئیراہلکار نے بتایا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں برآمدات میں اضافہ کیلئے وزیراعظم پاکستان کے پیکج پر عمل درآمد کیا جارہاہے جس سے نہ صرف زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگارکے نئے مواقع بھی فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی معیشیت بالخصوص برآمدات میں ریڑہ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اورحکومت اس شعبے کو فروغ دینے میں پرعزم ہے۔