قومی اسمبلی نے فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے انتخابات (ترمیمی) بل2019ء کی منظوری دیدی

جمعرات 25 اپریل 2019 14:03

قومی اسمبلی نے فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے انتخابات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) قومی اسمبلی نے فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے انتخابات (ترمیمی) بل 2019ء کی منظوری دیدی۔ جمعرات کو پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان نے اس حوالے سے انتخابات ایکٹ 2017ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل 2019ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

اجازت ملنے پر انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے ایوان سے بل کی شق وار منظوری حاصل کی۔

(جاری ہے)

علی محمد خان نے کہا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا میں 25 جولائی کو صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات منعقد کروانا ضروری ہیں۔ الیکشن کمیشن کو 6 سابقہ سرحدی علاقہ جات کی حلقہ بندیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جنہیں صوبائی حکومت نے دیگر متصل اضلاع سے ملادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قبائلی علاقہ جات کے لئے قومی اسمبلی میں عام نشستوں کے ضمن میں حلقہ ہائے انتخاب کی حلقہ بندیاں کرتے وقت دو یا زائد علیحدہ حلقوں کو ایک حلقہ انتخاب میں شامل کر سکتا ہے۔ ایوان نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دے دی۔