رمضان کے مقدس مہینے میں گاڑیوں میں میوزک کی بجائے نعتیں چلیں گی

وزیر ٹرانسپورٹ حکومتِ پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے اہم ہدایت جاری کر دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 26 اپریل 2019 15:25

رمضان  کے مقدس مہینے میں گاڑیوں میں میوزک کی بجائے نعتیں چلیں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2019ء) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پبلک ٹرانسپورٹ میں میوزک کی بجائے نعتیں چلیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گانے،میوزک یا دیگر فلموں کی تشہیر کے بجائے اسلامی لٹریچر،رمضان المبارک کی افادیت،قرآنی آیات، نعتیں،احادیث ، اقوال زریں، بزرگان دین کے تذکرے یا پھر دیگر اسلامی لٹریچر کی تشہیر کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اس مبارک مہینے کی فضیلت، برکات کے ساتھ ساتھ ایمان کی تجدید و اصلاح اور مسافروں کی اخلاقی اقدار کو پروان چڑھایا جا سکے۔

اس حوالے سے پنجاب پرونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا جس میں تمام سیکرٹری DRTA صاحبان کو ان اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے لیے بہتر اقدامات اور عوام کو سہولیات دینے کے لیے حکومتی اقدامات عروج پر ہیں۔حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے تحت اشیائے خوردونوش کی فراہمی 2مئی سے شروع ہو گی ۔

ترجمان کے مطابق رمضان پیکج کے تحت 19بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر خصوصی رعایت دی جائے گی ۔ ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر جو 19بنیادی اشیائے خوردونوش خصوصی رعایت پر دستیاب ہوں گی ان میں آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، بیسن، دال چنا، دال مونگ، دال ماش، دال مسور، سفید چنے، کھجور، باسمتی چاول، سیلا چاول، ٹوٹا چاول ، چائے ، مشروبات ، ٹیٹرا پیک دودھ اور مصالحہ جات شامل ہیں ۔ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 2 مئی سے رمضان ریلیف پیکج کا آغاز ہو گا۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے اعلامیے کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے تحت 19 اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی دی جائے گی۔