انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے معاملے پر محکمہ صحت کے رولز ہائیکورٹ میں چیلنج

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکومت اور محکمہ صحت کو 2 مئی کیلئے نوٹس جاری کر دئیے

پیر 29 اپریل 2019 15:55

انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے معاملے پر محکمہ صحت کے رولز ہائیکورٹ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2019ء) انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے معاملے پر محکمہ صحت کے رولز لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیئے گئے ، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکومت اور محکمہ صحت کو 2 مئی کیلئے نوٹس جاری کر دئیے۔جسٹس شکیل الرحمن نے نعیم صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ محکمہ صحت کے رولز انسانی اعضا کی پیوندکاری ایکٹ 2010ء کے خلاف بنائے گئے ،قانون میں متعلقہ کمیٹی کی منظوری کے بعد غیر رشتہ دار کو گردے عطیہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، محکمہ صحت کے رولز غیر رشتہ دار کو گردے عطیہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے، درخواست گزار کی آٹھ سالہ بچی کیلئے گردے پیوندکاری کرانا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ رولز کے تحت غیر رشتہ دار گردہ عطیہ نہیں کرسکتا، محکمہ صحت کے رولز اور قانون متصادم ہونے کی وجہ سے گردوں کی پیوند کاری نہیں ہورہی۔

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ محکمہ صحت کے رولز کو قانون کے مطابق بنانے کا حکم دیا جائے اور درخواست گزار کی آٹھ سالہ بیٹی کو غیر رشتہ دار سے گردہ لینے کی اجازت دی جائے ۔