دبئی میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

نو کروڑ مسافروں نے مختلف مقامات کے سفر کیلئے دبئی ایئرپورٹ کا راستہ اپنایا،دبئی کی فضائی کمپنی نے اوسطاً ایک ہفتے میں37 ہزار اٴْڑانیں بھریں، تقریباً چھ کروڑ مسافروں کو اٴْن کی منزلوں پر پہنچایا

منگل 30 اپریل 2019 22:26

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2019ء) متحدہ عرب امارات کے مرکزی شہر دبئی میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 2018 میں ڈیڑھ کروڑ سیاح دبئی آئے۔خلیجی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق مصروف ترین ائیرپورٹس میں بھی دبئی ائیرپورٹ سب پر بازی لے گیا ہے۔

جہاں نو کروڑ مسافروں نے مختلف مقامات کے سفر کیلئے دبئی ایئرپورٹ کا راستہ اپنایا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دبئی کی فضائی کمپنی نے اوسطاً ایک ہفتے میں37 ہزار اٴْڑانیں بھریں، تقریباً چھ کروڑ مسافروں کو اٴْن کی منزلوں پر پہنچایا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اماراتی ایئر لائن کا فلیٹ 274 طیاروں پر مشتمل ہے، جس نے 157 شہروں کے لیے سال میں ایک لاکھ 92 ہزار پروازوں کے ذریعے مسافروں کو اٴْن کی منزلوں تک پہنچایا۔

اس سے قبل گزشتہ سال دبئی ایئرپورٹ کو مسلسل چوتھی بار دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ بھی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ دبئی ایئرپورٹ نے 2014 میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہونے کا اعزاز چھینا تھا جس کے بعد سے دبئی نے اپنا یہ اعزاز برقرار رکھا ہے۔