گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، ڈاکٹر فہمیدا مرزا

بدھ 15 مئی 2019 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2019ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز گلگت بلتستان کے گورنر راجا جلال حسین مکپون سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا مرزا اور گلگت بلتستان کے گورنر راجا جلال حسین مکپون نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ سپورٹس کے حوالے سے گلگت بلتستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور ہمارے بچے محدود وسائل اور مواقعوں کے باوجود بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، گلگت بلتستان کو پاکستان اولمپکس میں نمائندگی دی جا نی چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے کہاکہ کھیلوں کے کلچر کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے توسط سے گلگت بلتستان میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے گلگت بلتستان میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے بلاشبہ گلگت بلتستان اور وہاں کے عوام، پاکستان کیلئے سرمایہ ہیں۔ ڈاکٹرفہمیدا مرزا نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ پولو کے کھلاڑیوں کو اسلام آباد مدعو کیا جائے اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو گلگت بلتستان لے جایا جائے ۔ گورنرگلگت بلتستان نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا کو گلگت بلتستان کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔