اڑھائی لاکھ روہنگیا مہاجرین کو شناختی کارڈز فراہم کردئیے گئے، اقوام متحدہ

رجسٹریشن کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف قانون نافذ کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے،ترجمان کی گفتگو

ہفتہ 18 مئی 2019 12:50

اڑھائی لاکھ روہنگیا مہاجرین کو شناختی کارڈز فراہم کردئیے گئے، اقوام ..
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) اقوام متحدہ نے کہاہے کہ بنگلہ دیش میں موجود ڈھائی لاکھ روہنگیا مہاجرین کو رجسٹر کرتے ہوئے شناختی کارڈ فراہم کردئیے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر)نے کہا کہ اس رجسٹریشن کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف قانون نافذ کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یو این ایچ سی آر کے ترجمان آندریج نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ میانمار سے آنے والے 10 لاکھ میں سے ایک چوتھائی روہنگیا پناہ گزینوں کو رجسٹر کیا گیا ہے اور انہیں بنگلہ دیشی حکام اور یو این ایچ سی آر کی جانب سے شناختی کارڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل جون 2018 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد روہنگیا مہاجرین کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں میانمار میں اپنے گھر واپس جاسکیں۔

(جاری ہے)

ادارہ برائے مہاجرین کے ترجمان نے کہا کہ کارڈز میں میانمار کو مہاجرین کا اصل ملک قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 70 ہزار 3 سو 48 پناہ گزینوں یا 60 ہزار خاندانوں کو رجسٹر کیا جاچکا ہے اور تقریبا 4 ہزار افراد کوروازنہ رجسٹر کیا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے رواں برس نومبر تک کاکس بازار میں تمام روہنگیا افراد کو رجسٹر کرنے کا عمل مکمل کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جامع رجسٹریشن بنگلہ دیش میں مہاجرین کے اعداد و شمار صحیح کرنے کے لیے اہم ہیں تاکہ حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو آبادی اور ان کی ضروریات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ رجسٹریشن کو انسانی اسمگلنگ روکنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔