امام الحق زخمی ہونے کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے باہر

اوپننگ بلے باز کی کہنی پر لگنے والی چوٹ ٹھیک نہ ہو سکی، حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 مئی 2019 21:01

امام الحق زخمی ہونے کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے باہر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2019ء) امام الحق زخمی ہونے کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے باہر، اوپننگ بلے باز کی کہنی پر لگنے والی چوٹ ٹھیک نہ ہو سکی، حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق سنجیدہ نوعیت کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امام الحق گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران کہنی پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔ امام الحق کے دائیں بازو میں سوجن ہے جو تاحال ختم نہیں ہوئی۔ اسی لیے امام الحق انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ امام الحق کی جگہ حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ (آج) اتوار کو لیڈز میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہو گا، میزبان ٹیم کو سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا تاہم میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو دوسرے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے اور چوتھے ایک روزہ میچز میں بھی کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا اور انگلش ٹیم نے مسلسل تین میچز جیت کر سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے، دونوں ٹیمیں آخری ایک روزہ میچ میں آج اتوار کو مدمقابل ہوں گی، میزبان ٹیم مشن کلین سویپ کیلئے پر عزم دکھائی دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستانی ٹیم آخری میچ میں فتح حاصل کر کے بھرپور انداز سے ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :