عثمان شنواری اور آصف علی کو بھی حتمی 15 رکنی ٹیم میں ہونا چاہئے تھا:عمر گل

محمد حسنین کو منتخب کرنے میں جلد بازی سے کام لیا گیا:ٹیسٹ پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 مئی 2019 13:27

عثمان شنواری اور آصف علی کو بھی حتمی 15 رکنی ٹیم میں ہونا چاہئے تھا:عمر ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مئی 2019ء) قومی فاسٹ باﺅلر عمر گل کا کہنا ہے کہ فاسٹ بالر عثمان شنواری اور بیٹسمین آصف علی کو بھی ورلڈ کپ کی حتمی الیون میں شامل ہونا چاہئے تھا لیکن جب قومی سلیکٹرز نے ٹیم تیار کر کے اسے انگلینڈ روانہ کردیا ہے تو پھر اس کی سپورٹ کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو میگا ایونٹ کی حتمی ٹیم کا حصہ نہ بنانے کی وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ وہ وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہو رہے اور اضافی دباﺅ کا شکار ہیں لیکن کسی بھی معیار پر دیکھا جائے تو محمد حسنین کو منتخب کرنے میں جلد بازی سے کام لیا گیا کیونکہ انہیں خود کو منوانے کیلئے مزید وقت درکار تھا۔

عمر گل کے مطابق نوجوان پیسر کا واحد ایڈوانٹیج ان کی اضافی رفتار ہو گی لیکن مناسب تجربے کے بغیر ان سے توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتی ہیں تاہم حیرانگی اس بات پر ہے کہ سپر فٹ محمد رضوان کو اضافی وکٹ کیپر کے طور پر ساتھ نہیں رکھا گیا کیونکہ اگر سرفراز احمد کو انجری ہوئی تو پاکستانی ٹیم مشکل میں پڑ جائے گی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی میگا ایونٹ میں سیمی فائنل تک رسائی کی امید کرتے ہوئے عمر گل کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں بھارت کیخلاف میچ کو غیر ضروری اہمیت نہ دی جائے کیونکہ یہ معرکہ بھی دیگر میچوں جیسا ہی ہوگا جس میں پاکستانی کھلاڑی روایتی حریف کیخلاف سو فیصدی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

عمرگل نے ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب کچھ فارم،فٹنس اور قسمت پر چھوڑ دیا ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں وہ اپنی جانب سے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :