پنجاب میں پبلک سیکٹر کے پہلے ہسپتال کو آئی سی یو کریٹیکل کئیر کی تربیت شروع کرنے کا اعزاز حاصل

کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجنز نے لاہور جنرل ہسپتال کو ایف سی پی ایس ایکریڈیٹیشن کی منظوری دیدی

منگل 21 مئی 2019 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے تشویشناک حالت کے مریضوں کی خصوصی نگہداشت اور بہتر علاج معالجے کے حوالے سے آئی سی یو اینڈ کریٹیکل کئیر کے شعبہ میں فیلو شپ تربیتی پروگرام کیلئے لاہور جنرل ہسپتال ،امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی کو منظوری دیدی۔ اس طرح سے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو کریٹیکل کئیر اور ایف سی پی ایس کی تربیت کیلئے ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والوں میں لاہور جنرل ہسپتال پہلا ادارہ بن گیا ہے جسے بہترین کارکردگی ، اعلیٰ سہولیات کی دستیابی اور فیکلٹی کی کامیاب کوششوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔

آئی سی یو کریٹیکل کئیر میں فیلو شپ حاصل کرنے پر پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر محمد طیب نے فیکلٹی ممبران اور ہسپتال انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، پیشہ وارانہ مہارت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں لاہور جنرل ہسپتال کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یقینا شعبہ اینستھیزیا پروفیسر جودت سلیم کی نگرانی میں مزید ترقی کرے گا۔

پروفیسر محمد طیب نے امید ظاہر کی کہ استربیتی پروگرام سے آئی سی یو کریٹیکل کئیر کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ ہسپتال میں آنے والے سیریس مریضوںکی دیکھ بھال کیلئے مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔واضح رہے کہ سی پی ایس پی کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے گزشتہ ماہ اس سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے ہسپتال میں موجود سہولتوں کو تسلی بخش قرار دینے کے بعد اس ایکریڈیٹیشن کی منظوری دی ،شیڈول کے مطابق ہر5سال بعد کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی طرف سے جنرل ہسپتال کی سہولیات کا جائزہ لیا جائیگا جبکہ آئی سی یو کریٹیکل کئیر میں تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق مشاہدے کی ادائیگی ہو گی البتہ انہیں اعزازی طور پر فیلو شپ کی اجازت نہیں ہو گی ۔

ڈاکٹروںکی طرف سے بھی اس ایکریڈیٹیشن کو اہم کامیابی اور ادارے کیلئے بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے جو سب کیلئے قابل فخرہے۔پی جی ایم آئی ، اے ایم سی و ایل جی ایچ کے ڈاکٹروں نے اس کامیابی کا سہرا شعبہ اینستھیزیا کے انچارج پروفیسر جودت سلیم کے سر دیا ہے اور اُن سمیت پرنسپل پروفیسر محمد طیب اورمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلا ح الدین کو مبارکباد دی اوراس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ادارے کی ترقی اور مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کرتے رہیںگے۔