فلپائنی صدر کا کئی ٹن کچرا کینیڈا واپس بھجوانے کا حکم

جمعرات 23 مئی 2019 14:21

منیلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے کئی سال قبل کینیڈا کی جانب سے فلپائن کو بھجوائے گئے کئی ٹن وزنی کچرے کو کینیڈا واپس بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔صدر کے ترجمان کے مطابق اگر کینیڈا نے اس کچرے کو باضابطہ طور پر قبول نہ کیا تو اسے کینیڈا کی سمندری حدود میں پھینک دیا جائے گا۔گذشتہ ہفتے تنازع کے حل کے لیے منیلا نے 15 مئی کی طے شدہ ڈیڈلائن گزرنے کے بعد اوٹاوا سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔

(جاری ہے)

صدارتی ترجمان کے مطابق صدر نے ڈیڈلائن گزرنے کی وجہ سے اس کچرے کو کینیڈا کو واپس بھیجنے کے لئے کہا ہے۔کینیڈا کی وزیر ماحولیات کیتھرین مکّینا کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا کی ایک کمپنی کو اس کچرے کی کینیڈا واپسی اور اس کو ٹھکانے لگانے کا معاہدہ کیا ہے۔کینیڈا کی ایک فرم نے 2013ء اور 2014ء کے دوران ری سائیکل کرنے کی غرض سے کچرے کے درجنوں کنٹیرز فلپائن بھیجے اور یہ کچرا تب ہی سے فلپائن اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :