ایبٹ آباد میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، 14 سالہ بچہ برساتی نالہ میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا، فصلیں اور پھل مکمل تباہ

ہفتہ 25 مئی 2019 11:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) ایبٹ آباد میں طوفانی بارش کے دوران 14 سالہ بچہ برساتی نالہ میں بہہ گیا۔ ریسیکو اہلکاروں نے بچہ کو زخمی حالت میں برساتی نالہ سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث بچہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ ایبٹ آباد میں طوفانی بارش کے دوران بارش کا پانی سڑک پر جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام رہی۔

شہری افطاری کے دوران بارش کا پانی گھروں سے نکالتے رہے۔ جمعہ کی شام ایبٹ آباد میں طوفانی بارش کے دوران 14 سالہ ارباز ولد رحمت الله پرائمری سکول جھنگی سیداں سے ملحقہ برساتی نالہ میں بہہ گیا۔ ریسیکیو 1122 کے اہلکاروں کے مطابق پانچ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد بچہ کو شدید زخمی حالت میں برساتی نالہ سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

بچہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

بارش کے دوران سرسید کالونی، البدرکالونی، منڈیاں، لوئر جناح آباد اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوا۔ ایبٹ آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث فصلیں اور درختوں کے ساتھ لگے کچے پھل بھی مکمل تباہ ہو گئے، بہت سے افراد کے کچے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ شاہراہ ریشم پر پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہونے کے باعث ایک بیمار بچہ ہسپتال پہنچانے سے قبل جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔