پنجاب میں پانچ ماہ کے دوران 1کروڑ 25 لاکھ 1 ہزار 949 روپے مالیت کی جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات بر آمد

ہفتہ 15 جون 2019 17:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) پنجاب میں جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران صوبے بھر میں 2019ء کے دوران 112 مقامات پر چھاپے مارے گئے ،18 ہزار 961کلو گرام /لیٹر جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات قبضہ میں لے کر 112 ایف آئی آرزکے اندراج کے بعد 58 افراد کو گرفتار کیا گیا، قبضہ میں لی گئی ان جعلی زرعی ادویات کی کل مالیت کا تخمینہ 1کروڑ 25 لاکھ 1 ہزار 949 روپے ہے۔

زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ زرعی ٹاسک فورس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف جاری مہم کے دوران جولائی 2018ء سے اب تک 166مقامات پر چھاپے، 544 ایف آئی آرز کا اندراج اور 133افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے اور اس عمل میں مزید تیزی لائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمے کی طرف سے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیںاور جہاں پر کسی کو ایسی سرگرمی نظر آئے تو ایڈیشنل سیکرٹری زرعی ٹاسک فورس محکمہ زراعت پنجاب کے فون نمبر 0300-2955539 پر فوراًً SMS یا واٹس ایپ کریں۔ اس اطلاع پر 24گھنٹے کے اندر کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ محکمہ کی طرف سے شعبہ توسیع و پیسٹ وارننگ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ڈیلروں کو پابند کریں کہ وہ مذکورہ شکایت نمبر اپنی دوکان یا فروخت کی جگہ پر نمایاں کر کے آویزاں کریں تاکہ کسی شکایت کی صورت میں کاشتکار مطلوبہ نمبر پر فوری رابطہ کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :