جس دن پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں بہترین کرکٹ کھیلی اس دن کسی کو بھی ہراسکتی ہے : مکی آرتھر

بھارت کیخلاف میچ میں کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو تبدیل کر سکتی ہے:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 جون 2019 20:29

جس دن پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں بہترین کرکٹ کھیلی اس دن کسی کو بھی ..
مانچسٹر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15جون2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، جس دن پاکستان نے بہترین کرکٹ کھیل لی اس دن یہ ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دے سکتی ہے۔پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرے سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی اہمیت اتنی ہے جتنی کسی اور میچ کی لیکن اس میچ کی کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو تبدیل کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ میں بھی دیگر میچز کی طرح دو پوائنٹس ہی ملنے ہیں لیکن اگر کوئی پلیئر اس میچ میں پرفارم کر گیا تو اس کی کارکردگی کو مدتوں یاد رکھا جائےگا۔مکی آرتھر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کے بارے میں بات کرتے ہو ئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کو دو سال ہو چکے ہیں، کل بھارت کےخلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ شعیب ملک فیل ہو گئے، ویسٹ انڈیز کے خلاف وہ ٹیم میں شامل نہیں تھے، انگلینڈ کےخلاف وہ تین اوور کھیلے، آسٹریلیا کےخلاف بدقسمت رہے، شعیب ملک کی کارکردگی کا تجزیہ اگلے دو میچز میں ہو گا۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فیلڈنگ کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ میں آپکی کارکردگی کا انحصار آپکے حریف کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے لیکن فیلڈنگ ایسا شعبہ ہے جس کی پوری کارکردگی آپکے ہاتھ میں ہے، اس لئے بھارت کے خلاف مکمل توجہ کے ساتھ فیلڈنگ کرنا ہو گی۔