کراچی، ایران کے چھ رکنی پارلیمانی وفد کی وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے ملاقات

باہمی تجارت کے فروغ، پارلیمانی وفود ، تعلیم اور تجارتی وفود کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربوں اور مہارت بالخصوص ادویات، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں فائدہ اٹھانے سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 20 جون 2019 21:37

کراچی، ایران کے چھ رکنی پارلیمانی وفد کی وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2019ء) ایران کے ایک چھ رکنی پارلیمانی وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی تجارت کے فروغ، پارلیمانی وفود ، تعلیم اور تجارتی وفود کے تبادلے اور ایک دوسرے کے تجربوں اور مہارت بالخصوص ادویات، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں فائدہ اٹھانے سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ایران کے وفد کی سربراہی احمد امیر عابدی فرھانی کر رہے تھے جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں محمد باسط درازئی، محمد رضا، سید مرتضیٰ خاتمی، محمد حسینی، علی یوسفی احمد محمدی شامل تھے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی ملاقات میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران نے زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایران کے زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کے تجربات اورمہارت سے مستفیض ہونے کا خواہاں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسلم دنیا کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر اتحاد پیدا کریں تاکہ اسلام کے دشمنوں کے خلاف مل کر لڑائی لڑی جاسکے۔ایران کے وفد نے ! ایران اور پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کے درمیان اشیائ اور کرنسیز کے تبادلے کے ذریعے باہمی تجارت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے مقامی معیشت کومستحکم اور بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایران۔ پاکستان گیس پائپ لائن کے نامکمل منصوبے کو دوبارہ شروع کرے۔ ملاقات میں ا?ئے ہوئے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو مشہد کے دورے کی دعوت دی جوکہ انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پارلیمانی وفد کے اراکین کو اجرک اور سندھی ٹوپیوں کے تحائف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔#