مال غنیمت کو لُوٹ مار لکھنے پر درسی کتب واپس لینے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے درسی کتب سے متعلق کیس میں حکم جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 جون 2019 15:32

مال غنیمت کو لُوٹ مار لکھنے پر درسی کتب واپس لینے کا حکم
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2019ء) : خیبرپختونخواہ میں درسی کتب میں مال غنیمت کو لُوٹ مار لکھنے پر درسی کتب واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں پشاور ہائی کورٹ نے اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لُوٹ مار لکھنے کے خلاف دائر رٹ کی سماعت کی۔ عدالت میں دائر کی گئی رٹ میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے چوتھی اور نویں جماعت کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لُوٹ مار لکھا ہے۔

جس پر جسٹس قیصر رشید نے ذمہ دار افراد پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود کو مسلمان کہتے ہیں اور نصاب میں الفاظ کا خیال تک نہیں رکھتے۔ عدالت نے خیبرپختونخواہ کے سیکرٹری تعلیم اور ٹیکسٹ بک بورڈ کو فوری طلب کر لیا جس پر صوبائی سیکرٹری تعلیم پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد عدالت نے مذکورہ کتابوں میں قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے اور طلبا کے پاس پہلے سے موجود کتابوں کو واپس لینے کا حکم جاری کردیا۔

جسٹس قیصر رشید نے سیکرٹری تعلیم سے کہا کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ اور ذہنوں کو آلودہ کررہے ہیں۔ آپ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں؟ کیوں نہ اس جُرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے کتب واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے اس معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکرٹری تعلیم کو بھی طلب کرلیا۔