قومی مقاصد کے حصول کے لیے ہم سب ایک ہیں اس بات کا عملی نمونہ بین الپارلیمانی کرکٹ ورلڈ میں دیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ میں پوری ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے جس پر ٹیم کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، ہمارے ارکان پارلیمنٹ نے اچھے کھیل اور بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی بین الپارلیمانی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی پاکستانی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں گفتگو

منگل 16 جولائی 2019 22:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے ہم سب ایک ہیں اس بات کا عملی نمونہ بین الپارلیمانی کرکٹ ورلڈ میں دیکھنے کو ملا ہے، ورلڈ کپ میں پوری ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے جس پر ٹیم کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، ہمارے ارکان پارلیمنٹ نے اچھے کھیل اور بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں کھیلے جانے بین الپارلیمانی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والی پاکستانی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر نے ٹیم کیپٹن زین حسین قریشی کے ہمراہ ٹیم کے دیگر ارکان اور ممبران اسمبلی سمیت ورلڈ کپ کی جیت کی خوشی میں پارلیمنٹ ہائوس میں کیک بھی کاٹا۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے ورلڈ کپ کی جیت کو پوری پاکستانی قوم کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بین الپارلمانی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت سے پارلیمنٹ اور ملک کی عزت میں اضافہ ہوا ہے جس سے دنیا میں پاکستانی پارلیمنٹرین کو ایک منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا بین الپارلمانی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز پاکستان کو ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں اور پاکستان کو عزت سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو پیغام ملا ہے کہ تمام جماعتیں قومی مقاصد کے حصول کے لیے ایک ہیں۔ اس موقع پر ٹیم کیپٹن زین حسین قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پارلیمان کی جیت نہیں پورے پاکستان کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمان نے پاکستان کی عزت کے لیے کھیلا۔ زین حسین قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر نے ہر مرحلے پر ہماری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر پارلیمانی ورلڈ کپ کو ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے نام کرتے ہیں۔