شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی ،

احتساب عدالت کا آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 20 جولائی 2019 15:50

شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) احتساب عدالت لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم دیا،احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی، شہبازشریف عدالت میں پیش ہوئے،شہبازشریف نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں ہیں ان کو نیب نے ہی پیش کرنا تھا، مجھے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، الحمدللہ اب میں ضمانت پر ہوں، پھر بھی میں ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں،عدالت نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چا ہوتے ہیں جس پربرطانوی اخبار کی خبر پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے متعلق جو اسٹوری لگائی گئی وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں کہ جیسے مردار کھانا، معلوم نہیں جھوٹی اسٹوری چھپوانے کی کیا ضرورت تھی، میں نے وزیر اعظم کو خط لکھا کہ ایرا میں جو شخص تھا نیب اس وقت کہاں تھی،شہبازشریف نے مزید کہا کہ میں نے اگر خیانت کی ہوتی تو پھر اس شخص کو بھی عدالت میں پیش کرتے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی، شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جس کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔