فلسطینی قوم کی حمایت اور مسلح مزاحمت کی مدد جاری رکھیں گے،ایران

ایران کو فلسطینی قوم اور مسلح مزاحمت کی مدد میں کسی قسم کا کوئی ترد نہیں،مشیر خامنہ ای کی حماس وفد سے ملاقات

بدھ 24 جولائی 2019 13:25

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیراور سابق وزیرخارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران فلسطینی قوم کے جملہ حقوق کی حمایت اور قضیہ فلسطین کے لیے جاری مسلح جدو جہد کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق علی اکبرولایتی نے ان خیالات کا اظہار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں تہران کے دورے پرآئے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

انہوںنے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کو فلسطینی قوم اور مسلح مزاحمت کی مدد میں کسی قسم کا کوئی ترد نہیں۔ ہم فلسطینی قوم کی تحریک آزادی کی حمایت اور مدد کو اپنا ایمانی اور دینی فریضہ سمجھتے ہیں اور اسے ایک تزویراتی مسئلے کے طورپر دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

تہران میں العاروری اور علی اکبر ولایتی کیدرمیان ہونیوالی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، امریکا کے سازشی منصوبے سنچری ڈیل، قضیہ فلسطین کے خلاف جاری دیگر امریکی۔

صہیونی سازشوں،خطے کی صورت حال اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔حماس کے وفد اور ایران نے صدی کی ڈیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور قضیہ فلسطین کے تصفیے کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس موقع پر حماس کی قیادت نے کہا کہ صہیونی ریاست کے سنگین جرائم اور ریاستی دہشت گردی فلسطینیوں کی مسلح تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتی۔ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں جتنا اضافہ ہوگا فلسطینیوں کی تحریک آزادی اتنا ہی زور پکڑے گی۔حماس نے ایرانی قیادت کی طرف سے مسلسل 4 دہائیوں سے فلسطینیوں کی بے لوث حمایت اور ہرممکن مدد جاری رکھنیپر تہران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔