مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھیانک ترین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں،

مسلسل 13روز سے کرفیو کے باعث حالات بہت خراب ہیں صوبائی وزیراعجاز عالم آگسٹین کی ممبر قومی اسمبلی عامر نوید جیوا کی عیادت کے موقع پر گفتگو

پیر 19 اگست 2019 22:05

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے گزشتہ روز ممبر قومی اسمبلی عامر نوید جیوا کی ہسپتال میںعیادت کی جو کہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیرعلاج تھے۔صوبائی وزیر نے عامر نوید جیوا کو پھول پیش کئے اور جلد صحتیابی کی دعا کی ۔انہوں نے ایم ایس الائیڈ ہسپتال کو بھی عامر نوید کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یو این او کے اجلاس میں زیر غور آچکا ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کی حالت بدلے گی اور وہاں کے رہنے والے بھی آزاد فضاء میں سانس لے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 13روز سے کرفیو اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث حالات بہت خراب ہیں اور یہ انسانی حقوق کی بھیانک ترین خلاف ورزی کی جا رہی ہے جبکہ پوری دنیا میں اب کشمیر کی آزادی کی آواز بلند ہو چکی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا سامنا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔