زائرین حرم کی سہولت کے لیے جدہ سے مکہ تک طویل شاہراہ کا نیا منصوبہ

مکہ مکرمہ کو جدہ ایئرپورٹ سے نئی شاہراہ کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لمبائی 72 کلو میٹر ہوگی،وزارت ٹرانسپورٹ

منگل 20 اگست 2019 13:38

زائرین حرم کی سہولت کے لیے جدہ سے مکہ تک طویل شاہراہ کا نیا منصوبہ
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) جدہ سے مکہ تک کا طویل فاصلہ نئی شاہراہ کی تکمیل سے محض 35 منٹ سے بھی کم میں طے کیا جا سکے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اترنے والے مسافرین جدہ شہر سے گزرنے کے بجائے اب ایئر پورٹ سے براہ راست مکہ مکرمہ جا سکیں گے۔ حج اور عمرہ کی غرض سے آنے والوں کو سہولت دینے کے لیے نئی شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے۔

سعودی وزارت ٹرانسپورٹ نے حجاج اورعمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو سہولت مہیا کرنے کی غرض سے مکہ مکرمہ کو جدہ ایئرپورٹ سے نئی شاہراہ کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لمبائی 72 کلو میٹر ہوگی۔ اس کا آغاز جدہ میں ایئرپورٹ فلائی اوورسے ہوگا جو مکہ مکرمہ میں رنگ روڈ 3 سے جا کر جڑے گی۔

(جاری ہے)

نئی شاہراہ کوجدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ کا نام دیا گیا ہے۔

آنے اور جانے والی ہر سمت میں ٹریفک کے لیے چار ٹریک رکھے جائیں گے۔ اس پر حد رفتار140 کلو میٹر ہوگی۔ ہائی وے کا سفر اسی حد رفتار سے کیا جائے تو نکتہ آغاز سے نکتہ انتہا تک کی مسافت 20 منٹ میں طے ہوسکے گی۔وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پہنچنے والے حجا ج اورعمرہ کے لیے آنے والوں کو مکہ مکرمہ جانے یا مکہ مکرمہ سے جدہ ایئرپورٹ تک آنے کے لیے شہر سے گزرنا پڑتا ہے۔ دوسری صورت بریمان ہائی وے ہے جہاں سے حجاج کو لے جایا جاسکتا ہے تاہم دونوں ہائی ویز تک پہنچنے کے لیے شہر کی بھیڑ سے گزرنا ضروری ہے۔ جدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ کی خصوصیت یہ ہے کہ حجاج شہر کی بھیڑ سے بچتے ہوئے مکہ سے جدہ ایئرپورٹ اور ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ پہنچ سکتے ہیں۔