فیصل آباد، ترکی سے ڈی پورٹ کئے جانے والے 33 مسافرگرفتار،

انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ کو جلد گرفتار کیا جائے گا، ایف آئی اے

منگل 20 اگست 2019 15:50

فیصل آباد، ترکی سے ڈی پورٹ کئے جانے والے 33 مسافرگرفتار،
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والے 33 مسافروں کو منگل کو انٹر نیشنل ایئر پورٹ فیصل آباد سے گرفتار کرلیا ۔وفاقی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بارڈر پار کر کے ترکی میں داخل ہوئے۔انہوںنے بتایاکہ یہ افراد ایران اور تافتان کی سرحدیں پار کر کے ترکی پہنچے جنہیں ضروری دستاویزات نہ ہونے پر حراست میں لے لیا گیا۔

انہوںنے بتایاکہ مذکورہ ڈی پورٹیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق ان افراد کو انسانی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث ایک منظم گروہ کے ذریعے غیر قانونی طور پر ترکی لے جایا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث گینگ کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔

انہوںنے بتایاکہ جو گروہ ان افراد کو نا جائز و غیر قانونی طور پر بعض جعلی دستاویزات کے ذریعے ترکی لے کر گیا انہوںنے مذکورہ افراد سے لاکھوں روپے فی کس کے حساب سے کروڑوں روپے کی رقوم وصول کیں۔انہوںنے بتایاکہ ابتدائی شواہد کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ مذکورہ منظم گروہ کا نیٹ ورک گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، لاہور ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ملتان ، کوئٹہ اور گجرات سمیت کئی دیگر اضلاع تک پھیلا ہوا ہے جس کی بیخ کنی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔