فٹنس ٹیسٹ ،محمد رضوان”سپر فٹ“ کرکٹر قرار

رضوان نے 19.2پوائنٹس لیے ،شان مسعود نے 19.1اور اسد شفیق نے 19پوائنٹس حاصل کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 21 اگست 2019 12:18

فٹنس ٹیسٹ ،محمد رضوان”سپر فٹ“ کرکٹر قرار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اگست2019ء) پری سیزن کیمپ کے پہلے روز محمد رضوان نے یویوٹیسٹ میں مثالی فٹنس ثابت کردی۔قومی کرکٹرز کے 2روزہ فٹنس ٹیسٹ کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں آغاز ہوگیا، پہلے مرحلے میں 18کھلاڑیوں کی آزمائش ہورہی ہے، ان میں سرفراز احمد،یاسر شاہ، شاہین آفریدی، اسد شفیق، حارث سہیل، شان مسعود، محمد رضوان، عثمان شنواری، فخر زمان،امام الحق، وہاب ریاض،عابدعلی، راحت علی،افتخار احمد، ظفر گوہر ، بلال آصف اور میر حمزہ شامل ہیں، شاداب خان 22 اگست، اظہر علی 24 اور حسن علی 26اگست کو پہنچیں گے، گذشتہ روز کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق نے کرکٹرز کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ فٹنس کے ساتھ مہارت بہتر بنانے پر بھی بھرپور توجہ مرکوز رکھنا ہوگی،کسی بھی ایتھلیٹ کا اپنے ساتھ ایماندار ہونا انتہائی ضروری ہے،ٹیم ورک اور ایک دوسرے کی مدد کے بغیر بڑی کامیابیاں نہیں حاصل کی جا سکتیں، اگلی سیریز سے قبل کیمپ میں محنت کرتے ہوئے اپنی خامیوں کو دور کرنے کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

کرکٹرز کو گروپس میں تقسیم کرکے یویو ٹیسٹ لیے گئے، محمد رضوان نے 19.2پوائنٹس کے ساتھ مثالی فٹنس ثابت کردی،شان مسعود نے 19.1اور اسد شفیق نے 19پوائنٹس حاصل کیے، کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے مزید محنت جاری رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔