تین سالوں سے ایک ہی پوزشن پر کام کرنے والے آفسران کا تبادلہ کیا جائے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ

جمعرات 22 اگست 2019 22:37

تین سالوں سے ایک ہی پوزشن پر کام کرنے والے آفسران کا تبادلہ کیا جائے، ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور گڈ گورننس کے قیام کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام افسران جو کہ گذشتہ تین سالوں سے ایک ہی پوزیشن پر کام کر رہے ہیں ان کا تبادلہ کر دیا جائے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ جمعرات کو وزیراعلی ہائوس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، صوبائی مشیر برائے قانون مرتضی وہاب، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو،سیکریٹری سروسز نوید شیخ، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سرکاری محکموں میں متعدد افسران ایک ہی پوسٹ پر گذشتہ 3 سالوں سے براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف سیکریٹری ممتاز شاہ سے کہا کہ یہ بہتر گورننس کے لئے اچھا نہیں ہے لہذا ان کا لازمی طور پر تبادلہ ہونا چاہیے اور انہیں دیگر محکموں میں تعینات کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ محکموں کو چاہیے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اچھے طریقے سے کام کریں لہذا رولز آف بزنس کے تحت آفیشلز اور افسران کا 3 سال کے اندر لازمی تبادلہ کی جائے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ دو دن کے اندر فائلیں نمٹا دیں، افسران کو چاہیے کہ وہ سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلے کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے یہ نوٹس کیا ہے کہ افسران فائلوں کو بغیر کسی وجوہات کے اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ محکمے جوکہ براہ راست پبلک کے ساتھ ڈیلنگ کرتے ہیں مثلا لوکل گورنمنٹ ،تعلیم،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، صحت ، داخلہ اور ریونیو کو مزید موثر اورکارگر بنائیں۔

متعلقہ عنوان :