ایف بی آر کا ریفنڈز ادائیگی کیلئے "فاسٹر"سسٹم متعارف کروانا خوش آئند ہے‘زاہد بخاری

نئے سسٹم سے تصدیق شدہ کلیم72گھنٹے میں ریفنڈز ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا‘پاکستان انٹرپرنیورزفورم گروپ

جمعہ 30 اگست 2019 14:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2019ء) پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات و آل پاکستان پیپر مرچنٹ انصاف گروپ پینل کے سیکرٹری جنرل زاہد بخاری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو 72گھنٹوں کے دوران ریفنڈز کی ادائیگی کیلئے تیز ترین آٹومیٹڈ ریفنڈ سسٹم "فاسٹر" متعارف کروانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو ریفنڈز ادا کرنے کیلئی23ارب روپے کے بونڈز جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کے پچھلے سالوں کے رکے ہوئے اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا نہ ہونے سے برآمدکنندگان سرمائے کی کمی کا شکار تھے اور اس بناء پر ان کی عدم دلچسپی کے باعث ملکی برآمدات کمی کا شکار تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زاہد بخاری نے کہا کہ نئے سسٹم سے تصدیق شدہ کلیم72گھنٹے میں ریفنڈ ز ملنے سے برآمدکنندگان دلجمعی سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء بھجوائیں گے جس سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے پچھلے سالوں کے رکے ہوئے اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائے تاکہ برآمد کنندگان کو پرانے رکے ہوئے ریفنڈز بھی ادا ہوسکیں۔